حکومت پنجاب کے محکمہ زکوٰۃ و عشر اور اوقاف و مذہبی امور کا دورہ؛ اخوت فاؤنڈیشن میں میٹنگز

حکومت پنجاب کے محکمہ زکوٰۃ و عشر اور اوقاف و مذہبی امور کا دورہ؛ اخوت فاؤنڈیشن میں میٹنگز

آئی پی ایس کے ایک وفد نے 19-18 جولائی  2022 کو اسلامک سوشل فنانس فار سوشل پروٹیکشن کے مطالعہ کے ایک حصے کے طور پر لاہور کا دورہ کیا اور حکومت پنجاب کے محکمہ زکوٰۃ و عشر اور محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نےاخوت فاؤنڈیشن کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب سے بھی ملاقات کی۔

آئی پی ایس کے وفد میں ڈاکٹر سلمان احمد شیخ، پرنسپل انویسٹیگیٹر ، اسلامک سوشل فنانس فار سوشل پروٹیکشن اسٹڈی؛ ڈاکٹر انور شاہ، شریک پرنسپل انویسٹیگیٹر ، اسلامک سوشل فنانس فار سوشل پروٹیکشن اسٹڈی؛ نوفل شاہ رخ، جنرل منیجر آپریشنز، آئی پی ایس؛، محمد ولی فاروقی ، ریسرچ آفیسر، آئی پی ایس اور میر افضل، جونیئر ریسرچ ایسوسی ایٹ، آئی پی ایس   شامل تھے ۔

دورہ کرنے والے وفد نے محکمہ زکوٰۃ و عشر کے سیکرٹری بابر امان اور ایڈمنسٹریٹر محکمہ زکوٰۃ و عشر محمد سجاد بابر سے ملاقات کی۔ گفتگو کے دوران محکمے کے ڈھانچے، انتظامی امور اور آپریشنز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں زکوٰۃ انتظامیہ کے مسائل پر بات چیت ہوئی ،جن میں غربت کی بلند شرح کے باوجودفنڈز کی کمی، انتظامی امور  میں سیاسی مداخلت، سال میں صرف ایک بار فنڈز کو مختص کرنا، عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فقدان، زکوٰۃ کے قواعد و ضوابط اور بلینکٹ ایکزیمپشن الاونس- جس کے باعث  زکوٰۃ کی کوریج  کم ہو جاتی  ہے -کے بارے میں لوگوں میں آگاہی کا فقدان شامل تھے۔

محکمہ کی جانب سے ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کرنے  اورپیشہ ورانہ تربیت کے لیے فنڈز کومختص کرنے اورانہیں تقسیم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔مستقبل میں رضاکارانہ کوششوں سے رقوم کو جمع کرنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات، اسناد اور مختصر دستاویزی فلموں کے ذریعے آگاہی پیدا کرنے اور عشر کی ترغیب سے منسلک رضاکارانہ ادائیگی کی حوصلہ افزائی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی پی ایس ٹیم اور زکوٰۃ و عشر  ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے خیالات کے تبادلے میں مزید تعاون پر اتفاق کیا اور سیکرٹری، زکوٰۃ و عشر ڈیپارٹمنٹ،حکومت پنجاب نے صوبے میں زکوٰۃ و عشر کےموثر نظام اور انتظام میں مدد دینے کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔

آئی پی ایس ٹیم نے 19 جولائی 2022 کو محکمہ اوقاف اور مذہبی امور پنجاب کے ہیڈ آفس کا بھی دورہ کیا، جہاں محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کے بنیادی ڈھانچے، کاموں اور آپریشنز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کیش باکس عطیات کی نیلامی اور دکانوں اور زرعی اراضی سمیت جائیدادوں کو لیز پر دینے کے عمل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ حکام نے اس بارے میں بھی بتایا کہ بینکوں کے ذریعے سیال سرمایہ کاری کیسے کی جاتی ہے۔ یہ  بھی انکشاف کیا گیا کہ محکمے کا بنیادی مقصد اوقاف کی جائیدادوں کا انتظام کرنا اور انہیں غصب ہونے یا تنازعات سے بچانا ہے۔یعنی سماجی بہبود اور تحفظ مرکزی نکتہ نہیں ہے ۔ تاہم، داتا دربار ہسپتال، چودہ ڈسپنسریاں، ایک پرائمری سکول اور کئی مدارس محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کے تحت کام کرتے ہیں۔ آمدنی کرایہ، کیش باکس کے عطیات، معاہدے کی فیسیں اور مالی سرمایہ کاری پر منافع کی شکل میں ہوتی ہے۔

اس موقع پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی نمائندگی ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر احمد افنان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالغفور، سیکشن آفیسر (جنرل) عبدالستار، ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) آصف اعجاز، ڈپٹی ڈائریکٹر (اسٹیٹ II) عظیم حیات اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اکاؤنٹس) جہانگیر علی نے کی۔

آئی پی ایس کی ٹیم نے 19 جولائی کواخوت فاؤنڈیشن  کے دفترمیں ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات کی۔ اس سے پہلے وہ 18 جولائی 2022 کو دہلی گیٹ، لاہور کے قریب اخوت فاؤنڈیشن کی ایک برانچ کا دورہ کر چکے تھے۔ اخوت 500 کی اس برانچ کے دورے کے موقع پر آئی پی ایس ٹیم کو کلائنٹس سے ملنے اور مکمل شدہ کیسز کی دستاویزات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ جبکہ، برانچ منیجر محمد رمضان نے قرض کی منظوری، چھان بین، مانیٹرنگ اور وصولی کے عمل بارے بتایا۔

اخوت پرواز برانچ میں ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات کے دوران اخوت فاؤنڈیشن کے مختلف پروگراموں اور اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے بتایا کہ کس طرح فاؤنڈیشن نے اعتماد، بھائی چارے، پیشہ ورانہ مہارت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ، مؤثر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اپنے پروگراموں کو کامیابی سے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبہ پنجاب کے علاوہ دیگر صوبائی حکومتیں بھی اخوت فاؤنڈیشن کی موجودگی اور اس کےمضبوط نیٹ ورک  سے فائدہ اٹھائیں تو فاؤنڈیشن کی رسائی مزید بڑھ سکتی ہے۔

___________________________

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے