پالیسی پرسپیکٹیوز کا تازہ شمارہ (جلد ۱۱، شمارہ ۱)

PPP 2014t

پالیسی پرسپیکٹیوز کا تازہ شمارہ (جلد ۱۱، شمارہ ۱)

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کا ششماہی علمی و تحقیقی انگریزی مجلہ پالیسی پرسپیکٹیوز گیارہویں سال میں داخل ہوگیا ہے۔ اس کے تازہ شمارے (جلد ۱۱، شمارہ  ۱) میں قارئین کے ذوقِ مطالعہ کے لیے چند منفرد مباحث شامل ہیں۔ جیسے ’’پالیسی ریسرچ کے لیے قومی ایجنڈا‘‘ جو آئی پی ایس کی نیشنل اکیڈمک کونسل کے فاضل ارکان کے خیالات پر مبنی ہے۔ مضمون ’’مغربی عورت اور اسلام: قبولیت اور مسلم شناخت پر گفتگو‘‘ مغربی خواتین میں اسلام کے پھیلاؤ اور اس کی قبولیت کے بارے میں وسیع تر تناظر میں تجزیہ پیش کرتا ہے۔ ایک اور مضمون میں جس کا عنوان ہے ــ’’اقلیت کی فقہ سے جدید شہری معاشرے کی فقہ تک: ایک تجزیہ‘‘، یہ واضح کیا گیا ہے کہ یورپ اور امریکہ میں اسلام قبول کرنے کا سلسلہ وسیع ہونے سے جو نئے مسائل و مباحث سامنے آرہے ہیں ان میں ثقافتی تنوع کی تشکیل بھی ایک اہم پہلو ہے۔

علاقائی مسائل کے حوالے سے مقالہ ’’چین اور سارک: ارتباط-مددگار ماحول کی ضرورت‘‘ اس بات پر متوجہ کرتا ہے کہ علاقے کی اقوام اور لوگوں کے درمیان اچھے تعلقات کی پائیدار بنیاد یں تلاش کرتے ہوئے غیر مادّی امور مثلاً ذہنی، سیاسی اور سماجی روابط زیادہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پاکستان کے بحری و سائل اورصلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے ایک مضمون میں ایک مربوط قومی میری ٹائم پالیسی کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ بحرِ ہند میں سمندری وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے۔
مختلف موضوعات پر آئی پی ایس میں ہونے والے سیمینار، کانفرنس، مکالمہ وغیرہ کے پروگراموں میں اہلِ دانش جن خیالات کا اظہار کرتے ہیں ان کا خلاصہ بھی اس شمارے میں پیش کیا گیا ہے، خصوصاً دہشت گردی سے نمٹنے میں مذاکرات کا کردار، پاک چین تعلقات، وسطی ایشیا اور پاکستان کے توانائی امور قابلِ ذکر ہیں۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے