مباحث ستمبر ۲۰۱۰ ء
حرفِ اول
سال ۲۰۱۰ ء کی چوتھی دوماہی (جولائی، اگست) میں قومی اور بین الاقوامی نوعیت کے اہم موضوعات اور واقعات پر دینی مکاتب فکر کے جرائد میں پیش کیے گئے تجزیوں اور تبصروں کا خلاصہ آئند ہ صفحات میں پیش کیا گیا ہے۔ قارئین کی سہولت کے پیش نظر یہاں اس کی تلخیص پیش کی جارہی ہے۔
زیر نظرعرصہ میں دینی جرائد نے قومی امو ر کے ذیل میں داتا دربار لاہور میں ہونے والے حملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جس میں کسی حد تک مسلکی بحث بھی سامنے آئی ۔ملکی تاریخ کے بڑے سیلاب کےحوالے سے حکومتی اقدامات اور مرکزی اورپنجاب کی صوبائی حکومت کی ایک دوسرےکے خلاف بیان بازی پراظہا ر خیال کیا گیا ، اراکین اسمبلی کی جعلی ڈگریوں کے حوالے سے عدالتی فیصلے، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی مذمت نیز اسلام آباد میں طیارہ کے حادثہ پر اظہار افسوس کے ساتھ ساتھ حج کرایوں میں اضافہ اور رمضان المبارک کی آمد پر ہونے والی مہنگا ئی کے بارے میں تنقیدی آراء کا اظہا ر کیا گیا ۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے تحفظات کا اظہار جبکہ موجودہ سیاسی حالا ت میں ان کے دورہ چین کو خوش آئند قرار دیا گیا، لاہور میں قادیانی عبادت گاہ پر حملے کے بعض پہلوؤں او ر اس حادثے کے پس پردہ حقائق کےحوالے سے جرائد نے اپنی آراءپیش کیں ۔قائد اعظم کے سیاسی نظریات کےحوالے سے جناب ایاز امیر کے کالم پر تنقید کرتے ہوئے ان کی اس رائے کو کہ قائد اعظم پا کستا ن کو ایک سیکولر ملک بنا نا چاہتے تھے مستر د کیا گیا۔نیز ایم ایم اے کی بحالی کے تناظر میں جماعت اسلامی کے موقف پر اہلحد یث مکتب فکر کے تحفظات سامنے آئے ہیں ۔
بین الاقوامی امور کے ذیل میں پاک امریکہ دفاعی مذاکرات کو امید افزا تاہم ایٹمی تعاون کے حوالے سے محتا ط رہنے کی تجویز دی گئی ،برطانوی وزیر اعظم کے پاکستان سے متعلق بیان پر تنقید ، مقبو ضہ کشمیر میں جاری کشید گی کو قابل افسوس قرار دینے کے ساتھ تحریک آزادی کی ایک نئی اٹھا ن قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی پارلیمنٹ کے مذہب کےنام پر سیاست پر پابندی کے فیصلے کو غیرجمہوری قراردیا گیا ۔ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہد ہ کو پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو نے کے باعث پارلیمنٹ کے ذریعے منسوخ کر نے کا مطالبہ ، افغانستان میں شہریوں کے قتل کی مذمت ، امریکی کمانڈر کی بر طرفی سمیت ڈچ فوج کے افغانستان سے انخلا کے محرکات پر بحث کی گئی ۔ مشرق وسطیٰ کے مسائل میں فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیل کے حملے پر تنقیدی آراءکا اعادہ، ایران کے خلاف سلامتی کو نسل کی پابندیوں کی مذمت اور شاہ عبد اللہ کے دورہ لبنان پر شیعہ جرائد کا تنقید ی تبصرہ بھی سامنے آیا ہے ۔
جواب دیں