Islam: It’s Meaning and Message

islamitst

Islam: It’s Meaning and Message

Islam: It's Meaning and Messageتدوین:        پروفیسر خورشید احمد
سال طباعت:            2014ء
آئی ایس بی این:            978-969-448-124-1
جلد بندی:            غیر مجلّد
صفحات:                284
قیمت:            600روپے (پاکستان میں)

مشتملات

 

 

تعارف:

یہ کتاب اسلام کی تعلیمات تک رسائی کا آسان راستہ ہے۔ اسلامی عقائد ، اس کی اقدار، سماجی اصولوں، ثقافتی پہلوئوں اور دورِ حاضر کے مسائل کی ایک جامع عکس بندی اس کتاب میں موجود ہے۔ پروفیسر خورشید احمد کی تدوین کردہ یہ کتاب عالم اسلام کے نامور علماء کی ان تحریروں کو یکجا کرکے ترتیب دی گئی ہے جو اسلامی نظریہ، ثقافت، تصورِ عبادت، سماجی انصاف، اسلام میں خواتین کے کردار ،اسلام کے سیاسی نظریے اور اقتصادی نظام کے تصور کا مکمل احاطہ کرتی ہیں۔ کتاب میں اس بات پر بھی بحث کی گئی ہے کہ اسلام نے انسانیت کو کیا کچھ دیا ہے۔ مغربی دنیا کی طرف سے اسلام کو درپیش چیلنج کے ساتھ ساتھ اسلام اور جدید دنیا کے بحرانوں پر بحث بھی اس کتاب کا حصہ ہے۔

 

مصنف:

معروف مدبر و مفکر، ماہرِ تعلیم، ماہرِ معیشت، مصنف اور ریسرچ اسکالر پروفیسر خورشید احمد کا شمار ان پاکستانی شخصیات میں ہوتا ہے جو عالمی سطح پر پاکستان اور امتِ مسلمہ کے وکیل کی شناخت رکھتے ہیں۔ وہ ایک ایسے مدبر ہیں جن سے فکری اور نظریاتی اختلاف رکھنے والے بھی ان کے اخلاص، علمیت اور حب الوطنی کے قائل ہیں۔

مذہب، تعلیم، معاشیات اور دستوری اُمور پر مشرقی اور مغربی فلاسفہ کے گہرے تقابلی مطالعے اور اسلام سے مخلصانہ وابستگی کے باعث انہیں نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جامعات اور علمی اداروں میں سماجی و معاشی اور دیگر کثیر جہتی علوم و معارف میں کلیدی قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔

1978-79ء میں وہ منصوبہ بندی، ترقیات اور شماریات کے وفاقی وزیر اور پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین بھی رہے۔ 1985ء میں وہ پہلی مرتبہ اور پھر 1997ء اور 2002ء میں بھی سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے ۔ سینیٹ کے رکن کی حیثیت سے متعدد اہم کمیٹیوں میں سرگرمی سے خدمات انجام دیں۔اقتصادی ترقی اور منصوبہ بندی کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ کے ایڈوائزر، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین، مارک فیلڈ انسٹی ٹیوٹ آف ہائر ایجوکیشن لیسٹر، برطانیہ کے ریکٹر اور دیگر متعدد یونیوسٹیوں نیز تعلیمی اور علمی اداروں کی علمی مجالس کے رکن رہے۔ انہوں نے اسلامی معاشیات، اسلامی نظامِ زندگی، تعلیم، ادب اور کئی دوسرے موضوعات پر انگریزی اور اردو میں 80 سے زائد کتب تحریر یا مرتب کیں نیز بہت سے تحقیقی جرائد اور علمی کانفرنسوں میں اپنے مقالات پیش کیے۔ وہ اسلامک فائونڈیشن برطانیہ اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کے بانی چیئرمین ہیں۔
2010ء میں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشانِ پاکستان‘‘ حاصل کرنے والے پروفیسر خورشید احمد کو بین الاقوامی سطح پر اسلام کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر سعودی عرب نے 1990ء میں شاہ فیصل ایوارڈ عطا کیا۔ اسلامی معاشیات پر اعلیٰ علمی خدمات کے اعتراف کے طور پر 1989ء میں انہیں اسلامک ڈویلپمنٹ بنک کی جانب سے ایوارڈ عطا ہوا۔1998ء میں امریکن فنانس ہائوس کی جانب سے انہیں معروف لاربا پرائز دیاگیا۔

23مارچ 1932ء کو دہلی کے ایک مذہبی اور تجارت پیشہ گھرانے میں پیدا ہونے والے خورشید احمد کو معاشیات، فلسفہ، تعلیم اور مذہب سے گہری دلچسپی رہی۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے 1955ء میں معاشیات اور 1964ء میں اسلامک اسٹڈیز میں ماسٹرز کیا۔ 1959ء میں انہوں نے ایل ایل بی کا امتحان بھی پاس کیا۔ تعلیم کے بعد کراچی یونیورسٹی کے شعبہ معاشیات میں تدریس کا آغاز کیا۔ ملائے یونیورسٹی ملائیشیا نے 1982ء میںانہیں تعلیم پر،  اور 2006ء میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا نے انہیں اسلامی معاشیات پر پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری عطا کی۔ برطانیہ کی لغبرہ (Logh borough)  یونیورسٹی، لیسٹر نے 2003ء میں انہیں ڈی لٹ کی اعزازی ڈگری دی۔

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے