چین میں مشرقِ وسطیٰ پر سیمینار میں شرکت
انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے ریسرچ کوآرڈی نیٹر سید ندیم فرحت گیلانی نے چین کا دورہ کیا۔ انہوں نے چین میں ہم عصر دنیا کے مطالعے کے مرکز (چائنا سنٹر فار کنٹمپوریری ورلڈ اسٹڈیز- CCCWS) کی جانب سے پاکستان کے تھنک ٹینکس کو مدعو کیے گئے وفد کے ایک رکن کی حیثیت سے شرکت کی۔ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر پریزینٹیشن دینے کے ساتھ ساتھ انہیں بیجنگ، گوانگ ژو اور اُڑمچی کے اسکالرز اور رائے عامہ کے راہنماؤں سے تبادلۂ خیال کا موقع بھی ملا۔
سیمینار میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے ندیم فرحت گیلانی نے کہا کہ عالمی طاقتوں کے لیے مشرقِ وسطیٰ کی حیثیت شطرنج کے بورڈ جیسی ہو گئی ہے جہاں ایک طرف امریکہ اپنی کمزور ہوتی گرفت کو دوبارہ مضبوط کرنے کی کوششوں میں ہے تاکہ اسرائیل کے دفاع اور عربوں کے توانائی کے وسائل اور توانائی کی رسد کے راستوں پر اپنے قبضے کو یقینی بنا سکے۔ دوسری جانب روس ہے جو یہاں موجود اپنے آخری اتحادی ”شام“ کی حمایت اور مدد کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے اس خدشہ کا اظہار کیا کہ اگر خطے کی طاقتوں اور بیرونی طاقتوں نے بین الاقوامی قوانین، عدل و انصاف کی اقدار اور کھیل کے قواعد کی پابندی نہ کی تو یہ خطہ دوبارہ غیر یقینیت اور مزید عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا اور یہ کیفیت صرف کسی ایک ریاست یا خطے تک محدود نہیں رہے گی۔
پاکستانی وفد کے ارکان نے اس سیمینار میں شرکت کے علاوہ چین کے متعدد علمی و تحقیقی اداروں کے اسکالرز سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ان اداروں میں خصوصی طور پر قابلِ ذکر نام یہ ہیں: بیجنگ میں چائنا انسٹی ٹیوٹ آف کنٹمپوریری انٹرنیشنل ریلیشنز (CICIR)، گوانگ ژو میں سن یاٹ سن اور جنان یونیورسٹیاں اور اُڑمچی میں نسلی و مذہبی امور کی کمیٹی کے ذمہ داران۔
نوعیت: بیرونِ ملک دورہ کی رپورٹ
تاریخ: 22اگست تا یکم ستمبر2013ء
جواب دیں