کتاب: چین سے برطانیہ تک
کتاب: چین سے برطانیہ تک
مصنف: حنان علی عباسی
اشاعت: ۲۰۱۳ء
صفحات: ۱۷۶
قیمت: ۳۵۰
انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے لیڈرشپ، ایکسیلینس اینڈ ڈیویلپمنٹ پروگرام (LEAD-IPS)کے تحت نوجوان سماجی رہنما، ادیب، اینکر اور نیشنل یوتھ اسمبلی کے قائد حنان علی عباسی کا سفر نامہ "چین سے برطانیہ تک” اشاعت پذیر ہوا ہے۔
حنان علی عباسی نے پاکستان کے "یوتھ ایمبیسیڈر” کی حیثیت سے برطانیہ، چین، ہانگ کانگ اور ایران کے سرکاری مہمان کی حیثیت سے سفر کیے جہاں انہوں نے سرکاری اور انتظامی اُمور کا قریبی مشاہدہ کیا۔ ایک سوچنے سمجھنے والا محب وطن پاکستانی جب پاکستان سے باہر جاتا ہے تو اُس کی سوچ کا محور اپنا محبوب وطن ہی ہوتا ہے۔ دنیا کے ہر اچھے سسٹم اور اچھی عادات و روایات کو وہ پاکستان میں عمل پذیر دیکھنے کا متمنی ہوتا ہے اس کا اپنے وطن کو بنانے اور سنوارنے کا جذبہ اور جنون اور بھی عمل انگیز ہو جاتا ہے۔ یہ احساسات اس کتاب میں جا بجا بکھرے نظر آتے ہیں۔
"چین سے برطانیہ تک” کی پذیرائی کرنے والوں میں افتخار عارف، اکرم ذکی، خالد رحمٰن، بریگیڈیر اقبال شفیع اور علی معین نوازش شامل ہیں جن کے تعارفی مضامین کتاب کے ابتدائیہ میں شامل ہیں۔ فلیپ پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سینیٹر مشاہد حسین کے پیغامات درج ہیں۔
مصنف ۲۰۱۳ء میں بہترین ترقیاتی کام پر کامن ویلتھ یوتھ ایوارڈ اور ۲۰۱۰ء میں پاکستان کا نیشنل یوتھ ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ یہ ایوارڈ نوجوان قیادت، لٹریچر اور میڈیا کے میدان میں اعلیٰ کارکردگی پر دیا جاتا ہے ۔ وہ ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے ۵۰۰ سے زائد پروگراموں کی میزبانی کرچکے ہیں۔ جیو، پی ٹی وی، اے آر وائی، بی بی سی، سماء ٹی وی، وائس آف امریکہ اور دیگر ٹی وی چینلز پر ۱۰۰سے زائد پروگراموں اور ٹاک شوز میں شرکت کرچکے ہیں۔ وہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی زندگی اور ان کی جدوجہد کی کہانی "کالی آندھی” کے نام سے ڈرامہ سیریز کے طور پر پیش کرچکے ہیں۔
جواب دیں