جنیوا میں ہا ئی کمشنر برائے مہاجرین کی کانفرنس میں شرکت
مہاجرین اور بے دخل افراد کا مطالعہ، بالخصوص افغانستان کے تناظر میں، انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کا ایک اہم تحقیقی موضوع ہے۔ اس ضمن میں اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور آئی پی ایس نے مذاکروں اور طباعت کتب کی صورت میں کئی مشترکہ منصوبوں پر کام کیا ہے۔ اسی سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل خالد رحمٰن نے ۹،۸ دسمبر ۲۰۱۰ء کو "اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین”کے ہیڈ کوارٹر جنیوا میں ادارے کے سالانہ مکالمہ میں "تحفظ میں کمزوریاں اور ذمہ داریاں ” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی ۔
کانفرنس میں تین اہم موضوعات خصوصیت سے زیربحث رہےیعنی:
۱۔ عالمی اشتراک عمل ، تقسیم کا ر اور جامع علاقائی حکمت عملی ؛
۲۔ تنفیذ اورعمومی کمزوریاں؛ اور
۳۔ بے وطنیت۔
بے وطنیت (Statelessness)کے موضوع پر آئی پی ایس میں پہلے ہی تحقیق کاعمل جاری ہے۔ اس دورے سے دنیا بھر میں بے وطنیت کے پس منظر کو گہرائی سے سمجھنے میں مدد ملی۔
اس دوران ڈائریکٹر جنرل متعدد دانشوروں اور پالیسی ساز افراد سے ملے اور ان سے باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا ۔ وہ اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین میں بے وطنیت یونٹ کے سربراہ مارک مینلی (Mark Manly)، ایشیا بیورو کے ڈائریکٹر کاسی دس روچن کارن (Kasidis Rochanakorn ) اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایشیا بیورو اندریکا راٹےوٹ (Indrika Ratwatte) سے ملے ۔ جنیوا میں اپنے قیا م کے دوران انہوں نے "مرکز برائے انسانیتی مکالمہ "کے رومین گرانجین (Romain Grandjean) اورانجیلونیڈنگر (Angelo Gneadingr) سے بھی ایک تفصیلی ملاقات کی اور دونوں اداروں کے مابین تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔
جواب دیں