پاکستان کی خارجہ پالیسی پر اجلاس
پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف، تعین اور تشکیل کے موضوع پر ایک مطالعاتی اجلاس 29مئی 2018ء کو آئی پی ایس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مرکزی مقرر ایمبیسڈر (ریٹائرڈ) تجمل الطاف تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل آئی پی ایس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں شامل عوامل سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوے ایمبیسڈر (ریٹائرڈ) تجمل الطاف نے کہا کہ صرف خارجہ امور سے متعلق دفترہی خارجہ پالیسی کو وضع نہیں کرتا ہے بلکہ یہ پالیسی پارلیمنٹ، سینیٹ اور مسلح افواج جیسے اہم ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون سے تیار کی جاتی ہے۔
مقرر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ وقت کے تقاضوں کے ساتھ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی ازسرِ نو تشکیل کرنے کا رجحان رکھتا ہے جیسا کہ 9/11حملوں کے بعد کی صورت حال میں دیکھنے کو ملا ۔اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ اصل مقاصد سے اپنا تعلق کمزور کر بیٹھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جہاں مختلف حالات کے مطابق پالیسی اختیار کر لینا اچھا عمل ہے وہاں اسے یقینی بنایا جانا چاہیے کہ پالیسی کی بنیادیں مضبوطی سے قائم رہیں۔
خالد رحمٰن نے اس بات کی نشاندہی کی کہ موجودہ حالات میں کئی ممالک کی خارجہ پالیسی تشکیل دینے میں سوشل میڈیا ایک موثر کردار ادا کر رہا ہے ۔ انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بھی جلد یا بدیر اس حقیقت کا ادراک کر لینا چاہیے اور اپنی خارجہ پالیسی کو نئے حالات کی روشنی میں تشکیل دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔
جواب دیں