شخصی و اداراتی نشوونما کی دس روزہ ورک شاپ کا اختتام

pidw0

شخصی و اداراتی نشوونما کی دس روزہ ورک شاپ کا اختتام

ورک شاپ کے آخری سیشن میں ’اپنا مقام پیدا کر‘ کے موضوع پر مبنی مباحثے میں شفا تعمیر ملت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمداقبال خان، موبی لنک کے ایچ آر اینڈ لرننگ سنٹر کے ڈائریکٹر سردار خالد محمود اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل خالد رحمن شامل تھے۔ معروف تربیت کار اور ٹی وی میزبان یاسر مسعود آفاق اور نوجوان تربیت کار نثار موسیٰ نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔

مباحثے میں شامل ان کامیاب پیشہ ور ماہرین نے اپنی زندگی کے اہم اور انمول تجربات کو شرکاء کے سامنے بیان کیا اور بتایا کہ انہوں نے کس طرح اپنے اخلاقی اصولوں اور اقدار کو سلامت رکھتے ہوئے ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں آنے والے مختلف چیلنجوں کا سامنا کیا۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد نوجوان پروفیشنلز، حال ہی میں گریجویشن مکمل کرنے والے نوجوانوں، کو اپنے اندر قیادت کے اعلیٰ اوصاف، سوفٹ اسکلز اور شخصی نشوونما میں اضافے کے لیے مواقع مہیا کرنا تھا۔ اس میں تربیت کی دنیا کی درج ذیل معروف پروفیشنل شخصیات نے راہنمائی فراہم کی: بشیر جمعہ، پارٹنر ارنسٹ اینڈ ینگز (پاکستان او رافغانستان)؛ خالد رحمن، ڈائریکٹر جنرل آئی پی ایس؛ وہاج السراج، سی ای او نیاٹیل (پرائیویٹ) لمیٹڈ؛ رفعت اللہ خان، رجسٹرار رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی؛ عبد الصمد، سی ای او یوتھ امپیکٹ؛ یاسر مسعود آفاق، سی ای او میما کام؛ سید حسن آفتاب، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایچ آر، بین الاقوامی اسلامی نیورسٹی۔ ان کے علاوہ فاروق صوفی، نبیل امتیاز، نثار موسیٰ اور حارث محمود جیسے معروف ٹرینرز بھی راہنمائی فراہم کرنے والے افراد میں شامل تھے۔

تربیت حاصل کرنے والے افراد نے ورکشاپ کے اس تجربے کو ’’زندگی کاحاصل‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے تربیتی مواد کو بالخصوص اخلاقیات اور اقدار کی بنیاد پر تیار کرنے اور اسے بہترین طور پر پیش کرنے پر انتہائی تعریفی کلمات ادا کیے۔انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ نے انہیں اخلاقی اقدار پر مبنی پیشہ ورانہ زندگی گزارنے کا جوش و جذبہ عطا کیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی پی ایس لیڈ کے تحت ترتیب دیے گئے اس ٹریننگ پروگرام کو ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ (WAMY) کی مدد حاصل تھی۔ اس کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں جو دیگر معاون ادارے شریک کار تھے ان میں یوتھ امپیکٹ اور میما کام شامل ہیں۔ پاکستان ٹرائب اس پروگرام میں ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر تھا۔

اقدار اور اخلاقیات پر مبنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور شخصی مہارت میں کمال حاصل کرنے کے لیے جوش و جذبہ سے بھرپور ایک پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ دس روز پر محیط شخصی اور اداراتی نشوونما کے موضوع پر ہونے والی یہ ورکشاپ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے پروگرام IPS LEAD (لرننگ، ایکسی لینس اینڈ ڈویلپمنٹ) کے تحت 29جنوری سے 10فروری 2015ء تک منعقد ہوئی جس میں جڑواں شہروں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد نوجوان پروفیشنلز نے شرکت کی۔

pidw2 pidw3 pidw4
pidw5 pidw6

Share this post

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے