سابق نائب وزیرِ اعظم ملائیشیا انور ابراہیم کی آمد
سابق نائب وزیرِ اعظم ملائیشیا جناب انور ابراہیم نے ۲۸ فروری کو انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کا دورہ کیا۔ انہوں نے آئی پی ایس کے چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ کی ریسرچ ٹیم کے ساتھ ایک خصوصی نشست بھی کی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نامور عالمی رہنما اور دانش ور نے آئی پی ایس کی اُن کوششوں کو سراہا جو وہ پالیسی اُمور میں تحقیق کے حوالہ سے انجام دے رہا ہے۔ یہاں اُن مسائل کو اپنی توجہ کا مرکز بنانا قابلِ قدر ہے جو عمومی طور پر مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان کو درپیش ہیں۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ماضی میں ہماری قیادت اپنے زمانے اور اس کی ضروریات سے پوری طرح آگاہ ہوتی تھی جبکہ آج کی امتِ مسلمہ موجودہ زمانے کے اُمور ومسائل کے شعور کے لحاظ سے گہری تحقیقی نظر نہیں رکھتی۔ اس کے مقابلہ میں باقی دنیا خصوصاً مغربی ممالک تحقیق کے شعبہ میں ہم سے بہت آگے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئی پی ایس کی طرز پر انہوں نے ملائیشیا میں انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی ریسرچ قائم کیا ہے۔
آئی پی ایس کے چیئر مین پروفیسر خورشید احمد نے انور ابراہیم کی اُن خدمات کا ذکر کیا جو انہوں نے ملائیشیا میں تعلیمی اصلاحات، خود انحصاری اور اسلامی بنکنگ کے قیام اور فروغ کے لیے اُس وقت کیں جب وہ وہاں وزیرِ تعلیم، وزیرِ خزانہ اور نائب وزیرِ اعظم کے مناصب پر فائز تھے۔
نوعیت: خصوصی نشست
تاریخ : ۲۸ فروری ۲۰۱۲ء
جواب دیں