ٹیم ڈویلپمنٹ پروگرام: ‘دفتری کارکنان کے مسائلِ صحت’
آئی پی ایس ٹیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے زیرِتحت یکم اگست ۲۰۱۷ کو آئی پی ایس میں ایک تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیاجس کا مقصد شرکاء میں دفتری ماحول میں صحتمند زندگی کی اہمیت اوراصولوں کے حوالے سے آگاہی پیداکرنا تھا۔ اس موقع پر آئی پی ایس کارکنان سے خطاب کرتے ہوئےمعروف طبّی ماہراور آئی پی ایس ایسوسی ایٹ ڈاکٹر طارق خان نے ایک فرد کی زندگی میں جسمانی، ذہنی، روحانی اور جذباتی صحت کی اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھاکہ کسی بھی فرد کی پیشہ ورانہ فعالی اور ترقی مندرجہ بالا چار عناصر ہی کی مرہونِ منّت ہے جن میں کمی جسمانی تھکاوٹ، ذہنی تناؤ اور ڈپریشن جیسے موذی امراض کو جنم دے سکتی ہےجس سے بالاخراس کا معیارِکارگردگی بری طرح متاثر ہوتا ہے۔
اپنے اختتامی کلمات میں ایگزیکٹو پریزیڈنٹ آئی پی ایس خالدرحمٰن نے اسپیکر کی آگاہئ صحت کے حوالے سے کاوش کو سراہا۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ جدید دورِمیں زیادہ تر امراض کی بنیادی وجہ طرزِزندگی میں وقوع پزیر ہونے والی نمایاں تبدیلیاں ہیں۔ انہوں نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جسم اور روح کی حفاظت کو دینِ اسلام میں ایک عبادت کی حیثیت حاصل ہےلہٰذاہم سب کو اچھی صحت کے حصول کے لیئےکوشاں رہنا چاہیئے جس سے ہمارا مقصد نہ صرف جسمانی تندرستی، بلکہ اللّلہ تعالٰی کی عطاکردہ نعمتوں کی شکرگزاری بھی ہونا چاہیئے۔
جواب دیں