ایرانی وفد کی آمد
ایرانی وزارتِ خارجہ کے زیرِانتظام تہران کے نمایاں تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (IPIS) کے سینئر ارکان پر مشتمل تین رکنی وفد نے ۶ فروری ۲۰۱۴ء کو انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ آئی پی آئی ایس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مصطفی ترک زہرانی کی قیادت میں اس وفد میں پاکستان اور بھارت میں ایران کے سابق سفیر میرمحمودموسوی اور آئی پی آئی ایس کے شعبہ جنوب مغربی ایشیا کے سربراہ میراحمدرضا دانش خواہ بھی شامل تھے۔
مہمان وفد نے آئی پی ایس کے ڈائریکٹر جنرل خالد رحمان اور ان کی ٹیم کے ساتھ بات چیت کی اور اداروں کی سطح پر باہمی تعلقات کے فروغ نیز دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے اُمور، نئے علاقائی اور عالمی واقعات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علاقائی اور عالمی صورتِ حال میں ہونے والی تبدیلیاں پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات میں فرق نہ ڈال سکیں گی اور مستقبل میں دونوں اقوام کے باہمی ارتباط اور تعاون میں اضافہ ہو گا۔
وفد نے آئی پی ایس کے چیئرمین پروفیسر خورشید احمد سے الگ سے بھی ملاقات کی۔ پروفیسر خورشید نے ایران اور پاکستان کے علمی اداروں میں قریبی تعاون کی ضرورت کا اظہار کیا۔ جانبین نے امید ظاہر کی کہ دونوں اداروں کے درمیان مشترکہ اُمور پر کام کی پیش رفت کی تفصیلات جلد طے کر لی جائیں گی۔
جواب دیں